مستونگ پولیس کی بڑی کارروائیاں، قتل، ڈکیتی اور گیس چوری سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب ملزمان گرفتار، ایس ڈی پی او محمد رفیق حمزہ کی پریس کانفرنس

مستونگ پولیس کی بڑی کارروائیاں، قتل، ڈکیتی اور گیس چوری سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب ملزمان گرفتار، ایس ڈی پی او کی پریس کانفرنس۔۔۔
مستونگ
ایس ڈی پی او مستونگ محمد رفیق حمزہ نے ایس ایچ او سٹی عبدالرؤف بلوچ، ایس ایچ او ولی خان بلال احمد اور ایس ڈی پی صدر صاحب خان ودیگر پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران مستونگ اور گردونواح میں پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث اور متعدد وارداتوں میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پریس کانفرنس میں ایس ڈی پی او محمد رفیق حمزہ نے بتایا کہ تھانہ سٹی کے مقدمہ نمبر 21/2023 بجرم 302 میں مطلوب ملزم ہدایت اللہ ولد محمد عمر لہڑی سکنہ کونگڑھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اسی طرح مقدمہ نمبر 85/2026 بجرم 302 تعزیرات پاکستان، جس میں سینئر کلرک نصیر احمد کو قتل کیا گیا تھا، کے ملزم محمد عمران ولد عبداللہ کو کوئٹہ سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا ہے۔
مقدمہ نمبر 93/2026 لڑائی جھگڑے کے کیس میں ملزم عبدالمجید ولد عبدالرزاق کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔
ڈکیتیوں میں ملوث گروہ گرفتار، لاکھوں روپے چھیننے کا اعتراف
ایس ڈی پی او کے مطابق مستونگ اور گردونواح میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث گروہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان خیال محمد ولد عبدالحکیم اور عبدالحکیم ولد عبد الحمید نے مبینہ طور پر ایک واردات میں 7 لاکھ جبکہ دوسری واردات میں 5 لاکھ روپے چھینے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔ ملزمان مبینہ طور پر افغان مہاجرین ہیں اور ان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ پہلے تندور کرایے پر حاصل کرتے اور بعدازاں وارداتیں کرتے تھے۔ گروہ کا ایک ساتھی تاحال مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
غیر قانونی سی این جی پلانٹ پکڑا گیا، قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان
ایس ڈی پی او نے بتایا کہ تھانہ ولی خان کی حدود میں کئی ماہ سے قائم غیر قانونی گیس پلانٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے ٹریس کیا گیا۔ کارروائی ایس ڈی پی او صدر صاحب خان اور ایس ایچ او ولی خان بلال احمد کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، جس کے دوران ملزم عبدالقیوم ولد محمد حسین کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ غیر قانونی پلانٹ کے ذریعے منی بسوں میں گیس بھرنے کے علاوہ سلنڈروں میں گیس بھر کر دکانداروں کو فروخت کی جاتی تھی۔ پلانٹ گنجان آباد علاقے میں ایک ٹاور کے قریب قائم تھا، جہاں کسی بھی وقت بڑے حادثے اور انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ موجود تھا۔
علاقہ مکین بھی گیس پریشر میں کمی کے باعث احتجاج کر رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس غیر قانونی کاروبار کے باعث قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ پلانٹ کی تنصیب میں سوئی گیس کے نچلی سطح کے بعض ملازمین کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور دیگر شریک ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
دیگر مقدمات میں بھی گرفتاریاں
ایس ڈی پی او کے مطابق تھانہ ولی خان کے مقدمہ نمبر 337-G میں ملزم محمد مصطفیٰ کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ہندو کمیونٹی سے مبینہ طور پر بھتہ طلب کرنے والے گروہ کو بھی ٹریس کرکے ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
مستونگ میں چند روز قبل موبائل فون کی دکان میں ہونے والی بڑی ڈکیتی کے ملزمان بھی پولیس نے گرفتار کرلیے ہیں، جبکہ ان کے قبضے سے مسروقہ موبائل فون بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔
ایس ڈی پی او محمد رفیق حمزہ نے کہا کہ مستونگ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور مفرور ملزمان سمیت تمام شریک جرائم عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے پولیس اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔



