برطانوی میگزین نے رافیل طیاروں کے حوالے سے بھارتی جھوٹ کا پول کھول دیا

برطانوی ایوی ایشن میگزین ’فلائٹ انٹرنیشنل‘ نے فعال رافیل لڑاکا طیاروں کی تعداد سے متعلق بھارتی فضائیہ کے دعوؤں کا پول کھول دیا ہے۔
برطانوی جریدے ’فلائٹ انٹرنیشنل‘ کی رواں ماہ شائع ہونے والی سالانہ ’ورلڈ ایئر فورسز ڈائریکٹری 2027‘ میں پاکستان اور بھارت سمیت 161 ممالک کے فوجی طیاروں کے بیڑوں کی تفصیلات شامل ہیں۔
بھارت نے 2016 میں فرانس کے ساتھ تقریباً 8.7 ارب ڈالر کے معاہدے کے تحت 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ یہ تقریباً دو دہائیوں کے دوران بھارتی فضائیہ کی جانب سے جنگی طیاروں کی بڑی خریداری تھی۔
رواں سال جون میں بھارتی فضائیہ نے دستاویزات میں تمام 36 رافیل طیاروں کو فعال قرار دیا تھا۔
یہ مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب نئی دہلی نے مئی 2025 میں آپریشن سندور کے دوران پاکستانی فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے دعوؤں کو مسترد کیا تھا۔
تاہم ’فلائٹ انٹرنیشنل‘ کی جاری کردہ تازہ فہرست میں بھارتی فضائیہ کے زیرِ استعمال رافیل طیاروں کی تعداد 32 درج ہے، جس سے بھارتی فضائیہ کی جانب سے جون 2025 میں کیے گئے دعوؤں کے مقابلے میں 4 طیاروں کی کمی ظاہر ہوتی ہے۔
یہ فہرست مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فوجی جھڑپوں کے تقریباً 18 ماہ بعد سامنے آئی ہے۔
مئی 2025 میں چار روزہ جنگ کے بعد پاکستانی فوج نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا دعویٰ کیا تھا، جن میں تین فرانسیسی ساختہ رافیل، ایک مِگ 29 اور ایک ایس یو 30 شامل تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ سال ایک پریس بریفنگ میں بھارتی فضائیہ کے پانچ طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کی تھی۔ تاہم بھارت نے اپنے طیارے تباہ ہونے کے دعوؤں کی مسلسل تردید کی تھی۔



