سیلاب، ہیٹ ویوز اور اسموگ سے نمٹنے کے لیے پاکستان کا پہلا اے آئی کلائمٹ انٹیلی جنس پلیٹ فارم متعارف

پاکستان کی مقامی کلائمٹ ٹیکنالوجی کمپنی نے موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نیا پلیٹ فارم ’نگران‘ متعارف کرا دیا ہے جو سیٹیلائٹ ڈیٹا، موسمیاتی معلومات اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سیلاب، ہیٹ ویوز، اسموگ اور دیگر موسمی خطرات کی مقامی سطح پر پیشگی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اے آئی جیو نیوی گیٹر کی جانب سے تیار کردہ اس پلیٹ فارم کا نام نیشنل انٹیگریٹڈ جیو رسک الرٹ اینڈ ایٹموسفیرک نیٹ ورک (Nigraan) ’نگران‘ ہے، جسے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس COP31 کے موقع پر پاکستان پویلین میں متعارف کرایا گیا۔
کمپنی کے مطابق نگران پلیٹ فارم کو 18 ماہ کے دوران 2 کروڑ 80 لاکھ ڈیٹا ریکارڈز کی مدد سے تربیت دی گئی ہے، جس کا بنیادی مقصد پاکستان میں موسمیاتی معلومات کی کمی کو پورا کرنا اور دستیاب ڈیٹا کو قابل عمل فیصلوں میں تبدیل کرنا ہے۔
پورے پاکستان میں موسمیاتی معلومات فراہم کرے گا، جس میں ہمالیہ کے پہاڑی علاقوں سے لے کر بحیرہ عرب کے ساحلی خطوں تک تمام علاقے شامل ہوں گے۔
ان کے مطابق یہ پلیٹ فارم ریموٹ سینسنگ، جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS)، مصنوعی ذہانت اور عوامی سطح سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو یکجا کرکے قومی، علاقائی اور مقامی سطح پر موسمیاتی خطرات کی نشاندہی کرے گا۔ اس کا مقصد انتہائی مخصوص مقامات کے لیے درست اور بروقت موسمیاتی معلومات فراہم کرنا ہے۔
عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ نگران کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا مقصد بالخصوص ترقی پذیر ممالک اور گلوبل ساؤتھ کی ان ریاستوں تک اس ٹیکنالوجی کی رسائی ممکن بنانا ہے، جو محدود وسائل کے باعث جدید موسمیاتی نظام تیار کرنے کی استطاعت نہیں رکھتیں۔
’مصنوعی ذہانت نے بڑے پیمانے پر موسمیاتی ڈیٹا کا تجزیہ تیز اور آسان بنا دیا‘
پلیٹ فارم کے بانی کے مطابق مصنوعی ذہانت نے بڑے پیمانے پر موسمیاتی ڈیٹا کا تجزیہ تیز اور آسان بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روایتی شماریاتی ماڈلز کے ذریعے سیلاب کی پیشگوئی کے لیے ڈیٹا پراسیسنگ میں کئی دن لگ سکتے ہیں جبکہ مصنوعی ذہانت یہی کام تقریباً دو گھنٹوں میں مکمل کر سکتی ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے توانائی کی کھپت اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں، تاہم ان کے خیال میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اس ٹیکنالوجی کے فوائد زیادہ ہیں۔



