Khyber Pakhtunkhwaپاکستان

خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپےکا ترقیاتی پیکج، صوبےکو 10 ارب روپے جاری کردیےگئے

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کے اعلان کے بعد ابتدائی طور پر 10 ارب روپے صوبائی حکومت کو جاری کر دیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا جن میں 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہوں گے جبکہ 423 منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ان اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔

امن و امان اور پولیس کی استعداد میں اضافہ
ترقیاتی پیکج کے تحت امن و امان کے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لیے خطیر رقم مختص
دستاویزات کے مطابق صحت کے شعبے کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 70 اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن جبکہ 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

سڑکوں، پانی اور دیگر منصوبوں پر بھی کام ہوگا
مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، ترقیاتی پیکج میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

اسی طرح 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیموں کو سولرائز کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

زرعی شعبے میں بھی خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جن کے تحت 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم کے لیے اسکالرشپس دی جائیں گی۔

دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 25 اضلاع میں مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker