صدرِ مملکت نے خیبر پختونخوا کے 5 آرڈیننسز اور 12 بلوں کی منظوری دے دی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا کے 5 آرڈیننسز اور 12 بلوں کی منظوری دے دی ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا کے 5 آرڈیننس کی منظوری دی ہے، خیبر پختونخوا اسپیشل انیشیٹوز آرڈیننس 2026 (مخصوص اضلاع) اور خیبر پختونخوا اسپیشل انیشیٹوز آرڈیننس 2026 (مخصوص اضلاع کے علاوہ) کی منظوری دے دی گئی۔
صدر مملکت نے خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی (اختیارات، استثنیٰ اور مراعات) (ترمیمی) آرڈیننس 2026 اور خیبر پختونخوا سوسائٹیز (رجسٹریشن) (ترمیمی) آرڈیننس 2026 کی بھی منظوری دے دی جب کہ خیبر پختونخوا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر (تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات) آرڈیننس 2026 کی منظوری بھی دے دی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا سے متعلق 5 آرڈیننسز کی سمری منظور کرلی تھی جب کہ کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سمری سرکولیشن کے ذریعے منظور کی تھی۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں سے متعلق 12 اہم ترمیمی بلوں کی منظوری دے دی، جس کے بعد یہ تمام بل باقاعدہ قانون کا حصہ بن گئے ہیں۔
ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق صدرِ مملکت نے تعلیم، تحقیق، سائنس اور سیاحت کے شعبوں میں اصلاحات کے لیے آرکائیول میٹیریل (تحفظ اور برآمدات پر کنٹرول) ترمیمی بل 2026، پاکستان اسٹڈی سینٹرز ترمیمی بل 2026 اور ایریا آف اسٹڈی سینٹرز ترمیمی بل 2026 پر دستخط کر دیے ہیں۔



