ایف بی آئی کے ڈیٹا بیس پر سائبر حملہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایف بی آئی کے حساس ڈیٹا بیس میں ہیکرز کی مبینہ رسائی کی اطلاعات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اچھی بات نہیں، انہیں اس واقعے کی اطلاع ابھی ملی ہے۔
’فاکس نیوز‘ کو ہفتے کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ سے جب ایف بی آئی کے ڈیٹا بیس پر مبینہ سائبر حملے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس واقعے کی اطلاع ابھی ملی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے 20 نومبر کو رپورٹ کیا تھا کہ ہیکرز نے ایف بی آئی کے نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر (این سی آئی سی) تک ممکنہ طور پر غیر مجاز رسائی حاصل کی ہے۔ ادارہ اس سکیورٹی خلاف ورزی کی تحقیقات کر رہا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ کون سا ڈیٹا متاثر ہوا یا ہیکرز کس حد تک نظام تک پہنچے۔
این سی آئی سی امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم معلوماتی نظام ہے، جس کے ذریعے وفاقی، ریاستی اور مقامی پولیس ادارے گرفتاری کے وارنٹس، مطلوب افراد کے ریکارڈ اور مجرمانہ پس منظر سمیت حساس معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں۔



