وہ منفرد ریچھ جو ایک فوج میں شامل ہوکر ایک جنگ کا حصہ بنا
ریچھ ایک خطرناک درندہ ہے جو بہت کم ہی انسانوں سے مانوس ہوتا ہے مگر ایسا بھی نہیں کہ وہ ہمارے دوست نہیں بنتے۔

مگر کیا آپ یقین کریں گے کہ ایک ریچھ ایسا بھی ماضی میں موجود تھا جو ایک ملک کی فوج میں باقاعدہ کام کرتا تھا؟
جی ہاں واقعی سگریٹ، الکحل اور باکسنگ کو پسند کرنے والا ایک ریچھ دوسری جنگ عظیم کے دوران اتحادی افواج کا حصہ تھا۔
اس ریچھ کا نام ووجٹیک تھا جو شامی نژاد بھورا ریچھ تھا اور دوسری جنگ عظیم کے دوران پولینڈ کی فوج میں باقاعدہ سپاہی کے طور پر شامل رہا۔
پولینڈ کے فوجیوں نے اس ریچھ کو 1943 میں ایران کے ایک علاقے میں دریافت کیا تھا، جسے ایک ایک چرواہا بوری میں ڈال کر لے جا رہا تھا۔
اس وقت ووجٹیک کی ماں کو شکاریوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا اور فوجیوں نے چند چیزیں دیکر ریچھ کے بچے کو گود لے لیا۔
آغاز میں وہ بچوں کی طرح کی ریچھ کی دیکھ بھال کرتے تھے جیسے دودھ پلاتے اور پھر شہد، پھل اور دیگر اشیا خوراک کا حصہ بن گئیں۔
یہ ریچھ بہت تیزی سے فوجی یونٹ کی زندگی کا حصہ بن کر فوجیوں کے قریب ہوگیا اور اس وقت اسے ووجٹیک کا نام دیا گیا۔
پولش زبان میں اس کا مطلب خوشگوار جنگجو تھا اور ایک سپاہی کو ریچھ کی دیکھ بھال کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔
اسی نے ریچھ کو ایک فوجی کی طرح مارچ کرنے یا سیلوٹ کرنے کی تربیت دی جبکہ وہ اکثر فوجیوں کے ساتھ ریسلنگ، باکسنگ یا دوڑنے جیسی سرگرمیوں کا حصہ بھی بنتا۔
تمام فوجی ریچھ کی بہت زیادہ حفاظت کرتے تھے جبکہ ووجٹیک بھی بتدریج کافی شرارتی اور پرمزاح حرکتیں کرنے لگا۔
1944 میں جب فوجیوں کا یہ دستہ اتحادی فوجی آپریشن کے لیے اٹلی جانے والا تھا تو انہیں علم ہوا کہ فوجی ضابطے کے تحت پالتو جانوروں کو ساتھ لے جانے پر پابندی ہے۔
ووجٹیک کو دستے کے ساتھ رکھنے کے لیے فوجیوں نے اسے قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ کیا اور اسے سپاہی کے عہدے پر ترقی دے کر ایک فوجی نمبر دیا گیا، اس طرح وہ دستے کا قانونی حصہ بن گیا۔
اس انوکھے فوجی کے پاس فوجی شناختی نمبر، رینک اور تنخواہ کی سلپ ہوتی تھی۔
اس ریچھ نے مئی 1944 میں فوجی دستے کی مدد بھی کی اور گولہ بارود اور گولے لڑائی کی پوزیشن تک پہنچانے کا کام کیا۔
دوسری جنگ عظیم کے بعد اسے ترقی دیکر کارپول بنا دیا گیا جبکہ وہ 1946 میں فوجی دستے کے ساتھ اسکاٹ لینڈ کے ایک کیمپ میں منتقل ہوگیا، جہاں اسے بہت زیادہ راشن دستیاب ہوتا تھا جبکہ کھیلنے کے لیے اس کا اپنا سوئمنگ پول تھا۔
جب فوجی دستے کی ملک واپسی کا فیصلہ ہوا تو وہ ووجٹیک کو ساتھ لے جانا نہیں چاہتے تھے کیونکہ وہاں کمیونسٹ حکومت تھی جبکہ جنگل چھوڑنے میں خطرہ تھا کہ بچپن سے انسانوں کے ساتھ رہنے والے ریچھ کے لیے وہاں رہنا بہت مشکل ہوگا۔
1947 میں اسے ایڈنبرا کے چڑیا گھر میں منتقل کیا گیا جہاں وہ وقت کے ساتھ بہت زیادہ مقبول ہوگیا جبکہ پولش فوجی بھی کبھی کبھار اس سے ملنے آتے تھے۔
یہ ریچھ وہاں 1963 تک رہا جب 21 سال کی عمر میں اس کی موت ہوئی۔
بعد ازاں پولینڈ، اسکاٹ لینڈ اور کئی دیگر مقامات پر اس کی یاد میں مجسمے بنائے گئے جو کہ اب بھی موجود ہیں۔



