پائلٹ کے کندھوں پر موجود ان پٹیوں کا مطلب جانتے ہیں؟
ہوا بازی یا ایوی ایشن کی دنیا میں متعدد چھپی ہوئی علامات ہوتی ہیں اور پائلٹوں کی وردی یا یونیفارم بھی ایسی ہی ہوتی ہے۔

اگر آپ نے طیارے اڑانے والے پائلٹوں کو دیکھا ہو یا تصاویر دیکھی ہوں تو یقیناً بے داغ سفید یونیفارم اور کندھوں پر پٹیوں کو دیکھا ہوگا۔
مگر جب کسی پائلٹ کے کندھوں کو غور سے دیکھا جائے تو آپ کو پیلے رنگ کی پٹیاں نظر آئیں گی۔
ہوسکتا ہے کہ آپ کو لگا ہو کہ یہ بس یونیفارم کا ڈیزائن ہے یا کوئی پرانی روایت ہے۔
مگر ان پٹیوں کا واضح مطلب ہوتا ہے اور ان کی تعداد کافی کچھ بتاتی ہیں۔
کندھوں پر موجود ان پٹیوں کو epaulets کہا جاتا ہے جو کہ فرانسیسی لفظ épaule سے اخذ کی گئی اصطلاح ہے جس کا مطلب کندھے ہوتا ہے۔
یہ پٹیاں کسی پائلٹ کی اتھارٹی، ذمہ داری اور پروفیشل رتربیت کے برسوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
درحقیقت ان کی تعداد پائلٹ کی جاب ٹائٹل سے مطابقت رکھتی ہیں۔
مثال کے طور پر ایک پٹی کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اسے کسی کیڈٹ یا ٹرینی پائلٹ نے پہن رکھا ہے جو کہ ابھی زیرتربیت ہے۔
اگر کندھے پر 2 پٹیاں موجود ہیں تو یہ سیکنڈ آفیسر یا فلائٹ انجینیئر ہونے کا عندیہ دیتا ہے جو کہ کسی طیارے کے عملے کی کمانڈ میں تیسرے نمبر پر موجود ہوتا ہے۔
3 پٹیاں فرسٹ آفیسر یا کو پائلٹ کے کندھوں پر ہوتی ہیں جو کیپٹن کے ساتھ فلائٹنگ ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں۔
4 پٹیاں جہاز کے مرکزی پائلٹ یا کیپٹن کے کندھوں پر ہوتی ہیں جو کہ پائلٹ ان کمانڈ بھی ہوتا ہے۔
اس کے پاس طیارے، مسافروں، عملے اور فلائٹ آپریشن کا مکمل اختیار اور ذمہ داری ہوتی ہے۔
پائلٹ کے کندھوں پر پٹیوں کا یہ نظام لگ بھگ پوری دنیا میں ایک جیسا ہی ہے۔



