پارٹی میں چکن کے زیادہ پیس کھانے پر جھگڑا، دوست نے دوست کو قتل کردیا
بھارت: پارٹی میں چکن کے زیادہ پیس کھانے پر دوست نے چاقو کے وار سے اپنے ہی دوست کو قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست کرناٹک کے ضلع بیلگاوی میں پیش آیا جہاں 2 دوست مل کر پارٹی کررہے تھے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے دونوں دوست مقامی اسٹیل کمپنی میں نوکری کرتے تھے، پارٹی کے دوران چکن کے ٹکڑے زیادہ کھانے کے معاملے پر دونوں دوستوں کے درمیان بحث چھڑگئی جس کے نتیجے میں دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
بحث اس قدر بڑھ گئی کہ مبینہ طور پر ملزم ارون کمار نے چاقو نکال کر اپنے دوست سیتارام کے سینے میں گھونپ دیا اور پھر زخمی دوست کو فوراً ہی سرکاری اسپتال بھی لے گیا۔
ارون کمار نے اپنا جرم چھپانے کیلئے اسے حادثے کا رنگ دینے کی کوشش کی اور دعویٰ کیا کہ سیتارام عمارت سے گر کر زخمی ہوگیا ہے تاہم سیتارام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اسپتال پہنچ کر ارون کمار کو حراست میں لیا اور اس سے تفتیش کی جس نے دوران تفتیش اپنا جرم قبول کرلیا۔



