
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 83ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں فورم نے اعادہ کیا کہ 9مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی،فورم نے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی حفاظت، سلامتی اور خود مختاری کے لیے مسلح افواج کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے دوران فورم کو جیو اسٹریٹجک حالات اور قومی سلامتی کے لیے اُبھرتے چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ دشمن سیکیورٹی فورسز اورشہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے افغانستان کو استعمال کر رہے ہیں، فورم نے افغانستان کی سرحد پار سے مسلسل خلاف ورزیوں، افغان سر زمین استعمال کرتے ہوئے دہشت گردی کی منصوبہ بندی پر سخت تحفظات کا اظہار بھی کیا۔



