
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر سابق اتحادی جماعت مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں لیکن خوش ہیں کہ چوتھی بار وزیراعظم بن رہا ہوں۔
ملتان میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھاکہ ملتان کے عوام نے ثابت کردیا وہ ہمارے ساتھ ہیں، اس وقت پاکستان میں خطرناک صورتحال ہے، مہنگائی اور بیروزگاری تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، دہشت گردی ایک مرتبہ پھر سر اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کو ذاتی دشمنی میں بدلنے والوں نے عوام کو تقسیم کردیا ہے، ہم ہمیشہ کیلئے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کردیں گے، ہم معاشی اور جمہوری بحران کا ملکر مقابلہ کریں گے، پیپلز پارٹی صرف عوام کی طرف دیکھ رہی ہے۔ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ پاکستان کے عوام کس مشکل سے گزر رہے ہیں، ان کو فکر نہیں، معیشت کو نقصان پہنچارہےہیں اور خوش ہیں کہ چوتھی بار وزیراعظم بن رہا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں، رائیونڈ والوں کو بتاوں گاکہ انہوں نے کیاکیا، لاہور میں سونے کی سڑکیں اور دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہی ہیں، مسلم لیگ والے لاہور سے متعلق غلط تاثر دے رہے ہیں، لاہور میں بھی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، عوام مہنگائی سے تنگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن بہت قریب ہے لیکن ن لیگ نےاپنا منشور نہیں دیا، ان کو پتہ ہی نہیں کہ انہوں نے جیت کر کیاکرنا ہے، میں جس کام کا اعلان کرتا ہوں چند دن بعد ن لیگ والے بھی وہی کہہ دیتے ہیں، میں نے کہا کہ میں عوام کا لاڈلا بننا چاہتا ہوں پھر میری بہن نے بھی کہہ دیا کہ میاں صاحب عوام کے لاڈلے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ سی پیک کا بانی نواز شریف نہیں یہ سی پیک کا چور ہے، سی پیک صدر آصف زرداری نے شروع کیا، رائیونڈ والے سمجھتےہیں وہ خود بخود الیکشن جیتیں گے۔
بلاول نے کہا کہ عوام کو مشکلات سے نکالنےکیلئے 10 نکاتی معاشی ایجنڈا بنایا ہے، معاشی پروگرام میں17 وفاقی وزارتوں کو بند کردوں گا، سالانہ ایک ہزار پانچ سو ارب اشرافیہ کو سبسڈی دی جاتی ہے، ہم یہ سبسڈی ختم کر کے عوام پر خرچ کریں گے، ان پیسوں سے 10 نکاتی ایجنڈا پورا اور30لاکھ گھربنا کردوں گا۔



