پاکستان

حکومتی وفد کی صدر مملکت سے ملاقات میں اہم پیش رفت، ن لیگ اور پیپلزپارٹی بیان بازی روکنے پر رضامند

حکومتی وفد کی صدر مملکت سے ملاقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی بیان بازی روکنے پر رضامند ہوگئے۔

پنجاب حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان کشیدگی کم کرنے کےلیے مسلم لیگ ن اور وفاقی حکومت کا وفد صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملنے زرداری ہاؤس نواب شاہ پہنچا۔

وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی شامل تھے۔ صدر زرداری سے ملاقات میں پنجاب اور سندھ حکومت کے درمیان حالیہ کشیدگی سے متعلق مختلف امور زیر غور آئے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو وزیراعظم شہبازشریف سے مسلم لیگی رہنماؤں کی ملاقات میں ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا۔

ادھر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اہم سیاسی فیصلوں کے لیے 18 اکتوبر کو سی ای سی اجلاس طلب کرلیا، اس حوالے سے پارٹی ترجمان نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کا سی ای سی اجلاس بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگا۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعت پیپلزپارٹی کے تحفظات افہام وتفہیم سے دور کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیاسی بیانات کی بنا پر پیپلزپارٹی سے تعلقات خراب نہیں ہونے چاہییں۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پنجاب اور سندھ حکومت کے درمیان ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری جاری تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker