دبئی پولیس کی غیر متوقع موسم کے پیش نظر عوام کو سمندر سے دور رہنےکی ہدایت

دبئی پولیس نے سمندری طوفان کی پیش گوئی کے پیش نظر حفاظتی اقدامات بڑھا دیے ہیں اور شہریوں اور سیاحوں کو سمندر سے دور رہنےکی ہدایت کی ہے۔
دبئی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں شہریوں اور سیاحوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غیر مستحکم موسمی حالات کے دوران سمندر میں تیراکی کرنے یا کشتی رانی سے گریز کریں۔
پولیس نے خبردار کیا ہے کہ سمندر میں اچانک تبدیلیاں جان و مال کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
دبئی حکام کے مطابق موسم کی صورتحال کے پیش نظر پولیس اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، بندرگاہوں اور ساحلی چیک پوسٹس پر گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
دبئی حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ خصوصی ٹیمیں مکمل طور پر تیار ہیں، شہری کسی بھی فوری مدد کی ضرورت کی صورت میں 999 پر کال کریں۔



