
لاہور میں مون سون بارش نے شہر میں تباہی مچا دی۔ مختلف مقامات پر چھتیں گرنے سے 12 افراد ملبہ تلے دب کر جان کی بازی ہار گئے۔ 6 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مون سون لاہور شہر میں خوب برسا۔ بارش کے باعث جہاں گرمی کا زور ٹوٹا وہیں نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور خستہ حال مکانات کی چھتیں گر گئیں۔ رات گئے ہونے والی بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے 12 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
مشن کالونی رائیونڈ میں چھت گرنے سے خاندان کے سربراہ سمیت 3 افراد جان بحق ہوگئے۔ کوٹ جمال پورہ رائیونڈ کے علاقہ میں چھت گرنےسے ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقہ میں چھت گرنے سے دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد جان سے چلے گئے جبکہ باپ بیٹی زخمی ہوئے۔
مومن پورہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، مکان کے ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بارش کے باعث گرنے والی چھتیں بانس، سرکی، مٹی اور لکڑی سے بنائی گئی تھیں جو مسلسل بارش کے باعث وزن نہ اٹھا سکیں اور زمین بوس ہوگئیں۔



