حکومت پاکستان کا 2026 میں 8 لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کے لیے بیرونِ ملک بھیجنے کا منصوبہ

حکومت کا 2026 میں 8 لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کے لیے بیرونِ ملک بھیجنے کا منصوبہ
وفاقی حکومت نے سال 2026 میں 8 لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کے لیے بیرونِ ملک بھجوانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد تقریباً 7 لاکھ 40 ہزار رہی تھی۔
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے، خاص طور پر خلیجی ممالک (GCC)، کوریا، جاپان اور دیگر عالمی منڈیوں میں روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
حکومت نے اس مقصد کے لیے نئی حکمتِ عملی متعارف کرائی ہے جس کے تحت کوریا اور جاپان کے تعاون سے سافٹ اسکلز تربیتی پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستانی ورکرز کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جا سکے اور ان کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہو۔
ایک اہم فیصلے کے تحت بیرونِ ملک ملازمت کی خواہشمند خواتین کے لیے کم از کم عمر کی حد 35 سال سے کم کر کے 25 سال کر دی گئی ہے، جس سے خواتین کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
وفاقی وزیر کے مطابق حکومت بیرونِ ملک روزگار کے عمل کو محفوظ، منظم اور باوقار بنانے کے لیے اصلاحات پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ پاکستانی ورکرز کو بہتر سہولیات اور قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔



