ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع پر مبنی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گرد وں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہ ”فتنہ الخوارج“ کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے، علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔



