پاکستان
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل جیسی سفارتکاری اپنی زندگی میں کم ہی دیکھی ہے: جلیل عباس جیلانی
اسلام آباد: سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل جیسی سفارتکاری اپنی زندگی میں کم ہی دیکھی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بات کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ایران امریکا مذاکرات کے پہلے دور میں اسلام آباد ایم او یو کے نام سے معاہدے پر اتفاق رائے پیدا ہوگیا تھا، مذاکرات میں معاہدے کے ڈرافٹ کے بننے کے باوجود مسائل میں کمی نہیں آئی، اب سب سے بڑا مسئلہ نیوکلیئر کا ہے اس پر بات پھنسی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر جو سفارتکاری کررہے ہیں انہوں نے ایسی سفارتکاری اپنی سفارتی زندگی میں پہلے کم ہی دیکھی ہے اور اس کے ضرور نتائج برآمد ہوں گے۔



