ملک بھر میں ایل پی جی سرکاری قیمت سے تقریباً دوگنا مہنگی فروخت ہونے لگی

ملک کے مختلف شہروں میں ایل پی جی سرکاری نرخوں کے بجائے من مانے داموں فروخت ہونے لگی، مختلف شہروں میں سرکاری قیمت تقریباً سے 294 سے 360 روپے کے درمیان ہے لیکن مارکیٹ میں ایل پی جی 520 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
لاہور میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت 294 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں 550 سے 600 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
کراچی میں سرکاری نرخ 295 روپے فی کلو کے مقابلے میں ایل پی جی 520 سے 540 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ ملتان میں بھی 295 روپے سرکاری قیمت کے باوجود گیس 550 سے 600 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
فیصل آباد میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت تقریباً 290 روپے ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
پشاور میں سرکاری نرخ 294 روپے کے مقابلے میں ایل پی جی 550 سے 570 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ کوئٹہ میں سرکاری قیمت 360 روپے ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 520 سے 540 روپے فی کلو وصول کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت 295 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں 567 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ گھریلو سلنڈر کی سرکاری قیمت 3 ہزار 470 روپے 9 پیسے کے مقابلے میں مارکیٹ میں 6 ہزار 700 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری نرخوں اور مارکیٹ قیمتوں میں نمایاں فرق کے باعث صارفین کو مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔



