شارجہ سے پاکستان آنے والے نجی کارگو کے لاپتا طیارے کا ملبہ مل گیا
شارجہ سے پاکستان آنے والے نجی کارگو کے لاپتا طیارے کا ملبہ مل گیا۔

طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے 53 نوٹیکل میل جنوب میں ملا، پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی نے سمندر میں 12 گھنٹے سے زائد جاری آپریشن کے دوران لاپتہ طیارے کا ملبہ تلاش کر لیا۔
مزید شواہد اور عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے بحری اور فضائی اثاثے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شارجہ سے پاکستان آنیوالا نجی کارگو طیارہ کراچی کے قریب سمندر پر پرواز کے دوران لاپتا ہوگیا تھا۔
ترجمان پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی( پی اے اے) نے نجی کمپنی کا طیارہ لاپتا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو طیارے سے دورانِ پرواز رابطہ منقطع ہوا۔طیارے میں عملے کے 5 افراد سوار تھے۔
پی اے اے کے مطابق رات 9 بجکر 18 منٹ پر، کراچی سے 150 میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن میں خرابی کی اطلاع دی اور رہنمائی کے لیے ہیڈنگ طلب کی۔ طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔
اسی دوران طیارہ دائیں جانب مڑتا اور تیزی سے بلندی کھوتا دیکھا گیا۔ طیارے کی گرنے کی شرح 15 ہزار فٹ تھی۔ طیارے سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ رات 9 بج کر 21 منٹ پر، کراچی سے 155 میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا۔



