پاکستان

ورلڈکپ اسنوکر میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنل کی 4 میں سے 3 پر قابض

اومان کے دارالحکومت مسقط میں جاری ورلڈ کپ اسنوکر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مینز سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنل کی چار میں سے تین نشستوں پر قبضہ جمالیا۔

پاکستان کے محمد آصف، رانا عرفان اور اسجد اقبال نے اپنے اپنے کوارٹر فائنلز میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، مبشر رضا کو ہم وطن رانا عرفان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

محمد آصف نے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے ہاروے چینڈلر کو 1-4 سے شکست دی، پاکستانی کیوئسٹ نے ابتدائی تین فریمز جیت کر 0-3 کی برتری حاصل کی تاہم انگلش کھلاڑی نے چوتھے فریم میں 99 کی بریک کھیل کر خسارہ کم کیا، محمد آصف نے پانچواں فریم جیت کر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔

محمد آصف کی کامیابی کا فریم اسکور 95-0، 58-1، 71-57، 11-99 اور 64-0 رہا۔

دو پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں رانا عرفان نے مبشر رضا کو 1-4 سے شکست دی۔

مبشر رضا نے پہلے فریم میں 66 کی بریک کے ساتھ کامیابی حاصل کی تاہم رانا عرفان نے مسلسل چار فریمز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ رانا عرفان نے تیسرے فریم میں 105 کی سنچری بریک جبکہ پانچویں فریم میں 77 کی بریک بھی کھیلی۔

رانا عرفان کی کامیابی کا فریم اسکور 28-82، 70-24، 105-0، 76-1 اور 77-0 رہا۔

ایک اور کوارٹر فائنل میں پاکستان کے اسجد اقبال نے ایران کے عامر سرکوش کے خلاف دو فریمز کے خسارے سے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 2-4 سے کامیابی حاصل کی۔

ابتدائی دو فریمز میں شکست کے بعد اسجد اقبال نے مسلسل چار فریمز جیتے، انہوں نے آخری دو فریمز میں بالترتیب 83 اور 88 کی بریکس بھی کھیلیں۔

اسجد اقبال کی کامیابی کا فریم اسکور 52-56، 4-90، 57-46، 68-54، 98-44 اور 88-0 رہا۔

سیمی فائنل میں تین پاکستانی کھلاڑیوں کی رسائی کے بعد ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کی نمائندگی یقینی ہوگئی ہے جبکہ دونوں فائنلسٹس کے پاکستانی ہونے کا امکان بھی برقرار ہے۔

ورلڈ کپ اسنوکر کے مینز سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker