پاکستان

پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کی ٹرمپ کا غزہ جامع منصوبہ مسترد کرنے کے اسرائیلی اعلان کی مذمت

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ جامع منصوبے اور فلسطینی ریاست کو مسترد کرنے کے اسرائیلی اعلان پر پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں 8 مسلم ممالک نے اسرائیل کے مؤقف کو غزہ میں جنگ کے خاتمے اور پائیدار امن کی کوششوں میں براہ راست رکاوٹ قرار دیا ہے۔

پاکستان، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ٹرمپ کے غزہ جامع منصوبے کے روڈ میپ کو مسترد کرنا منصوبے پر عملدرآمد سے واضح انکار ہے۔

مشترکہ بیان کے مطابق غزہ روڈ میپ میں اسرائیلی افواج کا انخلا، غزہ میِں بین الاقوامی استحکامی فورس کی تعیناتی، غزہ کا انتظام قومی کمیٹی کے سپرد کرنا اور غزہ کی تعمیر نو شامل ہے۔

8 اسلامی ملکوں نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے غزہ منصوبے پر مکمل عمل یقینی بنائے۔

بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیل کے انکار، رکاوٹ یا تاخیر کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری بھی اسرائیل پر عائد ہوگی۔

اسلامی ملکوں نے فلسطینی ریاست کے قیام سے انکار کی ہر کوشش مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1967 کی سرحدوں پر آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام، ہی خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی بنیاد بن سکتا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے 15 نکاتی منصوبے کو مستردکردیا تھا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے غزہ پیس بورڈ کے 15 نکاتی دستاویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ سے اس وقت تک کسی قسم کا انخلاء نہیں کرے گی جب تک حماس کو حقیقی طور پر غیر مسلح نہ کردیا جائے۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل حماس کی محض ظاہری یا فرضی کمزوری نہیں بلکہ اس کی حقیقی عسکری صلاحیتوں کا مکمل خاتمہ چاہتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker