
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے ہی ماہ جولائی میں تنخواہ دار طبقے سے انکم ٹیکس گزشتہ دو برسوں کے مقابلےمیں زیادہ جمع کیا۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ انکم ٹیکس میں کمی کے باوجود تنخواہ دار طبقے سے زیادہ ٹیکس جمع کیاگیا اور رواں برس جولائی میں ایف بی آر نے تنخواہ دار طبقے سے انکم ٹیکس کی مد میں 44 ارب روپے جمع کیے۔
ذرائع کے مطابق مالی سال 25-2024 کے ماہ جولائی میں 42 ارب روپے اور مالی سال 24-2023کے ماہ جولائی میں 30ارب روپے جمع کیے گئے تھے۔
واضح رہے حکومت نے رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں 22 لاکھ روپے سالانہ سے اوپر کی سلیب پر انکم ٹیکس میں کمی کی تھی۔
حکومت نے سالانہ 22 تا 32 لاکھ روپے آمدنی والی سلیب پر انکم ٹیکس کی شرح 23 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد، سالانہ 32 تا 41 لاکھ روپے آمدنی پر ٹیکس کی شرح 30فیصد سے کم کر کے 25 فیصد کی تھی۔
اسی طرح سالانہ 41 تا 56 لاکھ روپے آمدنی والی سلیب پر ٹیکس کی شرح 35فیصد سے کم کر کے 29 فیصد کی تھی جبکہ سالانہ 56 تا 70 لاکھ روپے آمدنی والے افراد کے لیے ٹیکس کی شرح 35فیصد سے کم کر کے 32 فیصد تک کی گئی تھی۔



