خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان میں مزید بارشیں، سیلاب کا خطرہ

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے جب کہ کئی علاقوں میں ندی نالوں میں شدید بارش کے باعث طغیانی اور اچانک سیلاب کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں جب کہ بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کی لہر بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کے موجودہ نظام کے زیر اثر کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آج شام سے 23 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔
آزاد کشمیر میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں 21 اگست کی رات سے 23 اگست تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 21 اگست کی شام یا رات سے 23 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ متاثر ہونے والے علاقوں میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان شامل ہیں۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں 21 اگست کی شام یا رات سے 23 اگست کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
اسی طرح سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان میں 22 اگست کو بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانچے اور شگر میں بھی 21 اگست کی شام یا رات سے 23 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم بلوچستان کے موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں 21 اور 22 اگست کی شام یا رات کو بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں شدید بارش کے باعث طغیانی اور اچانک سیلاب کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان بھی ہے۔



