انٹرنیشنل

حوثیوں نے فوج کے چیف آف اسٹاف محمد عبد الکریم الغماری کی شہادت کی تصدیق کردی

صنعا: یمن کے حوثیوں نے جمعرات کے روز تصدیق کی ہے کہ اس کے چیف آف اسٹاف محمد عبد الکریم الغماری شہید ہو گئے ہیں۔

حوثیوں کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد عبدالکریم الغماری ’اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران‘ شہید ہوئے۔ اگرچہ حوثیوں نے ان کی ہلاکت کا براہ راست الزام اسرائیل پر عائد نہیں کیا، تاہم بیان میں کہا گیا کہ ’اسرائیل کے ساتھ ہمارا تصادم ختم نہیں ہوا اور اسے اپنے جرائم کی سزا ضرور ملے گی‘۔

خیال رہے کہ اگست میں یمنی دارالحکومت صنعا میں اسرائیلی فضائی حملوں میں حوثی حکومت کے وزیراعظم اور کئی وزرا شہید ہوگئے تھے، اسرائیل نے اس وقت کہا تھا کہ ان حملوں کا ہدف الغماری، وزیرِ دفاع اور دیگر اعلیٰ حکام تھے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق الغماری حوثیوں کے ’جہاد آفس‘ کے رکن تھے جس کی قیادت گروپ کے سربراہ عبدالملک الحوثی کرتے ہیں۔ یہ دفتر حوثیوں کی فوجی کارروائیوں کی نگرانی کا ذمہ دار ہے۔

حوثیوں نے ماضی میں غزہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر اسرائیل پر کئی میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں اور اسرائیلی بندرگاہوں کو جانے والے بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

حوثی رہنما عبدالملک الحوثی نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ان کا گروپ غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر نظر رکھے گا اور اگر اسرائیل معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو حوثی ایک بار پھر غزہ کی حمایت میں کارروائیاں شروع کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker