پاکستان کو دنیا کے منفرد سیاحتی مقامات کی فہرست برائے 2026 میں شامل کرلیا گیا

معروف برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے پاکستان کو دنیا کے ان چند منفرد مقامات میں شامل کیا ہے جہاں برف پوش پہاڑ، پُرسکون وادیاں، قدیم تہذیب اور مہم جوئی آج بھی سیاحوں کو ایک منفرد دنیا دریافت کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
دی ٹیلی گراف میں شائع ہونے والا یہ ٹریول فیچر معروف ٹریول رائٹرز بینیڈکٹ ایلن اور سارہ مارشل نے تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے قارئیں کوپاکستان کے ان دلفریب مقامات کی سیاحت کی ترغیب دی ہے۔
خصوصی ٹریول فیچر میں شمالی پاکستان کے دلکش مناظر کا خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے جہاں قراقرم کے برف پوش پہاڑوں کی کئی چوٹیاں 25 ہزار فٹ سے بھی بلند ہیں۔
خصوصی سیاحتی مضمون میں پاکستان کو حقیقی معنوں میں ’بلند و بالا پہاڑوں کی سرزمین‘ قرار دیا گیا ہے، ٹیلی گراف نے خوبصورت وادی ہنزہ، بلند گلیشیئرز، جنگلی پھولوں سے بھرے میدانوں اور شاہراہِ قراقرم کو بھی نمایاں کیا ہے۔
اخبار نے شاہراہِ قراقرم کو انجینئرنگ کا ایک شاندار کارنامہ قرار دیا ہے جو پاکستان کو چین سے ملاتی ہے اور قراقرم، ہمالیہ اور ہندوکش کے شاندار پہاڑی سلسلوں سے گزرتی ہے۔
مضمون میں ان دور دراز پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی سادگی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
معروف ٹریول رائٹرز بینیڈکٹ ایلن اور سارہ مارشل لکھتے ہیں کہ سیاح یہاں نہ صرف قدرت کے حیرت انگیز مناظر دیکھ سکتے ہیں بلکہ مقامی لوگوں کی زندگی، روایات اور ثقافت کو بھی قریب سے جان سکتے ہیں۔
پہاڑوں کے ساتھ ساتھ دی ٹیلی گراف نے پاکستان کے عظیم تاریخی اور ثقافتی ورثے کو بھی سراہا ہے۔



