ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مسلسل چھٹے روز کمی ہو گئی۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کا بھاؤ ایک ڈالر اضافے سے 1920 ڈالر فی اونس ہے، جبکہ آج ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2500 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کا بھاؤ 2 لاکھ 14 ہزار 500 روپے ہو گیا ہے۔
ادھر ملک میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ ہوا اور انٹربینک میں کاروباری ہفتے کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 286.74 روپے ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ ایک پیسے بڑھا ہے۔ انٹربینک میں گذشتہ روز ڈالر 286 روپے 73 پیسے پر بند ہوا تھا۔ گذشتہ ہفتے ڈالر 287 روپے 19 پیسے پر بند ہوا تھا۔ رواں ہفتے انٹربینک میں ڈالر 45 پیسے سستا ہوا ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ ایک روپیہ کم ہوکر 291 روپے ہے۔ یہ بھی واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان حتمی ڈیل کے قریب پہنچ گئے ہیں جس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نویں جائزے اور پروگرام کی بحالی کی راہ میں رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ملاقاتوں اور رابطوں سے یہ پیشرفت ممکن ہوئی ہے، وزیراعظم اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان پیرس میں رابطوں اور ملاقاتوں سے بریک تھرو ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف ٹیم کے درمیان 3 دن سے مذاکرات جاری تھے، جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بات چیت اور نئے ڈرافٹ کی تیاری کا عمل جاری رہا، وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم گزشتہ 3 دن سے معاملات طے کرنے میں مصروف تھی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مزید مسئلہ یا تکنیکی دقت نہ ہوئی تو نواں جائزہ تکمیل کوپہنچ جائےگا، ہفتے کی صبح آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کی ٹیم نے نئے ڈرافٹ کو حتمی شکل دی ہے۔



