موبائل فون نکالنے کیلئے سمندر میں چھلانگ لگانے والے شخص کی دنگ کر دینے والی داستان

اگر آپ کا فون سمندر میں گر جائے تو کیا آپ اسے نکالنے کے لیے پانی میں چھلانگ لگا دیں گے؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر جاپان میں ایک شخص نے ایسا ہی کیا اور پھر پانی میں 4 گھنٹے سے زائد عرصے تک کمر کے بل بہتا رہا۔
یہ واقعہ 27 جولائی کو اس وقت پیش آیا جب جاپان کے علاقے Kurashiki میں واقع پورٹ برج پر یہ شخص (اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) الکحل پیتے ہوئے چہل قدمی کر رہا تھا۔
آدھی رات کے وقت جب اس نے موبائل فون سے تصویر لینے کی کوشش کی تو حادثاتی طور پر ڈیوائس اس کے ہاتھ سے نیچے سمندر میں جا گری۔
الکحل نے اس کی عقل کو ختم کر دیا تھا اور اس نے فون کو نکالنے کے لیے پانی میں چھلانگ لگا دی۔
حیران کن طور پر اس خطرناک صورتحال میں وہ شخص پانی میں تیرنے کے قابل رہا۔
بعد ازاں اس نے پولیس کو بتایا کہ ‘میں واپس ساحل پر جانا چاہتا تھا مگر سمندری لہریں زیادہ طاقتور تھیں تو میں نے بس بہنے کی بہترین کوشش کی اور مدد کا انتظار کیا’۔
اس کی مشکل ساڑھے 4 گھنٹے بعد اس وقت ختم ہوئی جب کوسٹ گارڈز کو ایک قریبی بندرگاہ کے عملے کی جانب ایمرجنسی کال موصول ہوئی۔
بندرگاہ کے عملے نے اس شخص کی مدد کی پکار کو سنا تھا اور پھر کسی کو پانی میں بہتے ہوئے دیکھا۔
انہوں نے فوری طور پر مدد کے لیے کال کی۔
اس شخص کو صبح 5 بجے پانی سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پانی میں 4 گھنٹے سے زیادہ وقت رہنے کے باوجود وہ ہوش میں تھا اور اس کی حالت بھی مستحکم تھی۔



