دنیا کا پہلا کھرب پتی فٹبالر بننے کے بعد رونالڈو نے سعودی عرب میں دو لگژری ولاز خرید لیے

پرتگال سے تعلق رکھنے والے دُنیائے فٹبال کے نامور کھلاڑی اور سعودی کلب النصر کی نمائندگی کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب میں 2 لگژری ولاز خرید لیے۔
اکتوبر میں رونالڈو نے دنیا کے پہلے کھرب پتی فٹبالر ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ رونالڈو کی دولت کا تخمینہ 1.4 ارب ڈالر لگایا گیا ہے ۔جو پاکستان کرنسی میں تقریباً 3 کھرب 93 ارب روپے سے زیادہ بنتی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق دنیا کا پہلا کھرب پتی فٹبالر بننے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی منگیتر جارجینا نے سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع 2 لگژری ولاز خرید لیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ ولاز نُجوما (Nujuma) میں واقع ہیں، جو سعودی عرب کی مین لینڈ سے تقریباً 26 کلومیٹر دور ہے اور یہاں تک رسائی صرف چارٹرڈ کشتی یا جہاز کے ذریعے ممکن ہے، جس کی وجہ سے یہ علاقہ انتہائی نجی اور پُرسکون سمجھا جاتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رونالڈو اور جارجینا نے 2 ولاز خریدے ہیں، جن میں ایک 3 بیڈ رومز پر مشتمل ہے جو پورے خاندان کے استعمال کے لیے ہوگا، جبکہ دوسرا 2 بیڈ رومز کا ولا نجی اور مختصر قیام کے لیے خریدا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان لگژری ولاز کی ابتدائی قیمت 1 کروڑ 55 لاکھ سعودی ریال بتائی جا رہی ہے، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ رونالڈو نے اپنے دونوں ولاز کے لیے مجموعی طور پر کتنی رقم ادا کی۔
واضح رہے کہ اس لگژری ریزورٹ میں صرف 19 نجی ولاز موجود ہیں، جو عالمی معیار کے ڈیزائن، خصوصی سروسز اور قدرتی ماحول کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔
ولاز خریدنے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ جب ہم پہلی بار یہاں آئے تو جارجینا اور میں نے فوراً اس جزیرے اور اس کی قدرتی خوبصورتی سے ایک خاص تعلق محسوس کیا، یہ ایسی جگہ ہے جہاں ہمیں سکون ملتا ہے۔ اب یہاں ہمارا اپنا گھر ہے، تو ہم جب چاہیں اطمینان کے ساتھ خاندان کے ساتھ معیاری وقت گزار سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال سعودی کلب النصر کی نمائندگی کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے ہمیشہ کیلئے سعودی عرب میں رہنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔



