اے آئی چیٹ بوٹس ایک سوال کا جواب دینے کیلئے کتنی بجلی خرچ کرتے ہیں؟

دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ مختلف آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹس استعمال کرتے ہیں۔
کیا آپ نے کبھی سوچا کہ ایک سوال کا جواب دینے کے لیے یہ مقبول اے آئی چیٹ بوٹس کتنی بجلی اور پانی خرچ کرتے ہیں؟
گوگل نے اس بارے میں بتایا ہے۔
گوگل کی جانب سے ایک تکنیکی دستاویز جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جیمنائی اے آئی سے پوچھے گئے ہر سوال پر یہ چیٹ بوٹ کتنی بجلی اور پانی خرچ کرتا ہے۔
دستاویز کے مطابق جیمنائی ایک سوال کا جواب دینے کے لیے بہت کم مقدار میں بجلی خرچ کرتا ہے، یعنی اتنی بجلی جس کی مقدار 9 سیکنڈ سے کم وقت تک ٹی وی دیکھنے کے برابر ہوتی ہے۔
ویسے تو یہ کچھ بھی نہیں مگر جب اس حقیقت کو ذہن میں رکھا جائے کہ یہ صرف ایک سوال کے جواب میں خرچ ہونے والی بجلی ہے اور کروڑوں افراد روزانہ لاکھوں کروڑوں سوالات اے آئی چیٹ بوٹس سے پوچھتے ہوں گے تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ بجلی کا کتنا خرچہ ہوتا ہوگا۔
اسی طرح جیمنائی ایک سوال کا جواب دینے کے لیے 0.12 سے 0.26 ملی لیٹر پانی خرچ کرتا ہے۔
البتہ گوگل نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے کام جاری رکھے ہوئے ہےتاکہ توانائی اور پانی کا خرچ کم از کم ہوسکے۔
کمپنی کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دروان جیمنائی کے ایک ٹیکسٹ پروموٹ پر خرچ ہونے والی توانائی کی سطح کو 33 گنا کم کیا گیا۔
اس سے قبل جون 2025 میں اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی صارف کے ایک سوال کا جواب دینے کے لیے اوسطاً 0.000085 گیلن پانی یا ایک چائے کے چمچ کے 1/15 حصے کے برابر پانی خرچ کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اوسطاً ایک سوال کا جواب دینے کے لیے چیٹ جی پی ٹی 0.34 واٹ آور بجلی خرچ کرتا ہے، یعنی اتنی بجلی جو ایک اوون ایک سیکنڈ میں خرچ کرتا ہے یا توانائی کی بچت کرنے والے بلب چند منٹوں میں خرچ کرتے ہیں۔
البتہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ بجلی اور پانی کے اعداد و شمار کا تعین کیسے کیا گیا۔



