
کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں دی ڈیموکریٹس پینل ایک بار پھر تمام نشستوں پر کامیاب ہو گیا۔
گزشتہ روز ہونے والے کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے حق رائے دہی استعمال کیا، پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جو بلا کسی وقفہ کے شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہا۔
انتخابات دی ڈیموکریٹس، ڈیمو کریٹ، گرین پینل اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا، پریس کلب کے 1369 رجسٹرڈ ممبران ووٹرز میں سے 1011 نے ووٹ کاسٹ کیے۔
الیکشن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر توصیف احمدخان نے کراچی پریس کلب میں نتائج کا اعلان کیا۔ دی ڈیموکریٹس پینل نے مسلسل 18ویں مرتبہ کلین سوئپ کیا۔
دی ڈیموکریٹس پینل کے فاضل جمیلی 536 ووٹ لیکر صدر جبکہ سیکرٹری کے عہدے پر اسلم خان 493 ووٹ لیکر منتخب ہوئے۔
نائب صدر کے عہدے پر ارشاد کھوکھر نے 480 ووٹ، خازن کے عہدے پر عمران ایوب نے 622 ووٹ اور جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر فاروق سمیع نے 556 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔
گورننگ باڈی کی 7 نشستوں پر عبدالجبار ناصر،اختر حسین سومرو، شیماصدیقی،فریال عارف،جاوید صباء، سید فرید عالم، اور جاوید مہر کامیاب قرار پائے۔



