دبئی کی شہزادی شیخہ مہرا اور گلوکار فرنچ مونٹانا نے منگنی کرلی

dبئی: مشہور گلوکار اور موسیقار فرنچ مونٹانا اور دبئی کے حکمران ومتحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی صاحبزادی شہزادی شیخہ مہرا نے منگنی کر لی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رشتہ رواں برس جون میں پیرس فیشن ویک کے دوران باضابطہ طور پر طے پایا۔ دونوں کو گزشتہ برس سے دبئی اور مراکش سمیت مختلف مقامات پر ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے جس کے بعد ان کے تعلقات پر چہ مگوئیاں بڑھ گئی تھیں۔
شہزادی شیخہ مہرا جو گھڑ سواری اور فلاحی کاموں کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں، اس سے قبل شادی شدہ تھیں اور گزشتہ برس جولائی میں انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے سابق شوہر پر بے وفائی کا الزام عائد کرتے ہوئے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ ان کی پہلی شادی سے ایک بیٹی بھی ہے جس کی عمر 15ماہ ہے۔
منگنی کے اعلان کے بعد اسے عالمی میڈیا نے ایک نمایاں اور غیر معمولی رشتہ قرار دیا ہے جو ایک طرف دبئی کے شاہی خاندان جبکہ دوسری طرف عالمی شہرت یافتہ گلوکار کو یکجا کرتا ہے۔
