انٹرنیشنل

امریکا کا 23 ستمبر سے دنیا بھر میں ایرانی ایئرلائنز پر پابندی لگانے کا اعلان

امریکا نے ایران کے خلاف معاشی پابندیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 23 ستمبر سے دنیا بھر میں تمام ایرانی کمرشل ایئرلائنز کے آپریشنز معطل کر دیے جائیں گے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق ایرانی طیاروں کو سہولیات فراہم کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں پر بھی سخت ترین پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایرانی ایئرلائنز پر پابندیوں کا اعلان ’سی این بی سی‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔

پیر کے روز نشر ہونے والے انٹرویو میں اسکاٹ بیسنٹ نے خبردار کیا کہ اس پابندی کے اطلاق کے بعد ایرانی طیاروں کو ایندھن، لینڈنگ کی سہولت یا ٹکٹ فروخت کی سہولت فراہم کرنے والے بین الاقوامی ایئرپورٹ یا آپریٹر امریکی ڈالر کے مالیاتی نظام تک اپنی رسائی کھو سکتے ہیں۔

انہوں نے ایران کے ساتھ مالی لین دین کرنے والی کمپنیوں کے حوالے سے بھی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے دنیا بھر میں ایسے سہولت کاروں کی نشاندہی کی ہے جو تہران کی مدد کررہےہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ وہ کون ہیں اور وہ بھی جانتے ہیں کہ وہ کون ہیں، اور ہم انہیں روکیں گے۔‘

اسکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران پر نئی پابندیوں کے حوالے سے چین کو بھی اعتماد لیا ہے اور واشنگٹن اس معاملے میں چینی مالیاتی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن متعدد ممالک کے ساتھ عوامی بیانات کے بجائے ’خاموش اور پسِ پردہ بات چیت‘ کرتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اتوار کی رات چینی نائب وزیراعظم ’ہی لیفینگ‘ اور پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر ’پان گونگ شینگ‘ سمیت دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ اس معاملے پر مثبت بات چیت ہوئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker