پاکستانتازہ ترین

سپریم کورٹ نے این اے 251 کا فیصلہ جاری کردیا، خوشحال خان کاکڑ کامیاب قرار

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے حلقہ این اے 251 کی انتخابی عذرداری کیس میں خوشحال خان کاکڑ کو کامیاب امیدوار قرار دیتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو خوشحال خان کاکڑ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں بلوچستان الیکشن ٹربیونل کی جانب سے 22 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم کالعدم قرار دیا تھا جبکہ سید سمیع اللہ کی کامیابی کا 18 فروری 2024 کا نوٹیفکیشن بھی غیر قانونی قرار دے کر منسوخ کردیا۔
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے فارم 48 تیار کرتے وقت فارم 45 کے نتائج میں دانستہ طور پر تبدیلی کی۔ عدالت کے مطابق ریکارڈ سے ثابت ہوا کہ خوشحال خان کاکڑ کے ہر پولنگ اسٹیشن سے 100 ووٹ کم کرکے مخالف امیدوار کے کھاتے میں ڈالے گئے۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 343 پر خوشحال خان کاکڑ کے 100 ووٹ کم کیے گئے جبکہ مخالف امیدوار کے ووٹوں میں 200 ووٹ کا اضافہ کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے مطابق اگر فارم 45 کے نتائج تبدیل نہ کیے جاتے تو خوشحال خان کاکڑ 1863 ووٹوں کی واضح برتری سے کامیاب ہوتے۔
عدالت نے قرار دیا کہ نتائج میں کی گئی تبدیلیاں انتخابی مینڈیٹ تبدیل کرنے کی سوچی سمجھی کوشش تھیں اور ریٹرننگ آفیسر کے پاس فارم 45 کے نتائج تبدیل کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں تھا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت شفاف اور منصفانہ انتخابات کرانے کا پابند ہے اور ووٹ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی عوامی خواہشات پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ انتخابی عملے کی جانب سے نتائج میں ردوبدل انتخابی قوانین کے تحت مجرمانہ کارروائی کے زمرے میں آتا ہے۔
تین رکنی بینچ نے 27 فروری 2026 کو کیس کی سماعت مکمل کرکے مختصر فیصلہ سنایا تھا۔ بینچ میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شکیل احمد شامل تھے جبکہ تفصیلی فیصلہ جسٹس شکیل احمد نے تحریر کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker