آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 10کے بجائے 12 جون کو پیش کیے جانےکا امکان
اسلام آباد: وفاقی بجٹ 27-2026 کی اعلان کردہ تاریخ میں تبدیلی کا امکان ہے اور بجٹ 10 کے بجائے 12 جون کو پیش کیے جانے پر مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق بجٹ پیش کرنے کی تاریخ میں تبدیلی کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج یا کل ہوگا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے پارلیمنٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وفاقی بجٹ کے کئی امور تاحال فائنل نہ ہونے کی تصدیق کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کے حوالے سے ابھی چیزوں کا حتمی شکل اختیار کرنا باقی ہے، اس حوالے سے بات چیت چل رہی ہے، وقت انتہائی قلیل ہے اور محرم الحرام بھی آرہا ہے، دیکھتے ہیں اسی تاریخ پر چیزیں مینج کرنا کیسے ممکن ہوتا ہے،کچھ تبدیلیاں تو بجٹ پیش کرنے کے بعد بھی چلتی رہتی ہیں، ابھی تاریخوں میں ردوبدل ہوگا یا کیا ہوگا، حتمی کچھ نہیں کہہ سکتا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان ترقیاتی بجٹ پر مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں، پی ایس ڈی پی پر حکومت اور اتحادیوں کے درمیان معاملات پر انڈر اسٹینڈنگ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق چھوٹے صوبوں پر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زیادہ پیسہ خرچ کرےگا، وفاق سب سے زیادہ بلوچستان، پھر سندھ اور تیسرے نمبر پر فنڈز خیبرپختونخوا کو دےگا، وفاق پنجاب کے لیے سب سے کم فنڈز دےگا۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کےترقیاتی منصوبوں پر265 ارب خرچ کیےجائیں گے، سندھ کے ترقیاتی منصوبوں پر195ارب، کے پی میں 98 ارب اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 72 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، 150 ارب روپے آزاد کشمیر اور جی بی کےلیے مختص کیے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سندھ میں سکھر حیدر آباد موٹروے منصوبہ اس سال شروع کریں گے،کے فور منصوبے کے لیے بھی وفاقی حکومت بجٹ میں فنڈز رکھےگی۔



