حج 2027 کے عازمین پر نئی پابندی لاگو کر دی گئی

اسلام آباد: حج 2027 کے لیے درخواستیں جمع کرانے والے عازمین کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ حکومت نے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت نجی حج آپریٹرز کو براہ راست ادائیگی کرنے پر پابندی عائد کردی۔
ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کی بکنگ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے، تاہم پہلی بار بکنگ، پیکیج کے انتخاب اور تمام ادائیگیاں صرف وزارت مذہبی امور کے زیر نگرانی پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے کی جائیں گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج نجی کمپنی کا انتخاب بھی صرف پاک حج ایپ یا حج پورٹل کے ذریعے کریں گے، جبکہ کسی بھی نجی آپریٹر یا غیر مجاز ایجنٹ کو براہ راست رقم ادا کرنا قابل قبول نہیں ہو گا۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ کسی غیر مجاز ایجنٹ یا فرد کو ادائیگی کی صورت میں مکمل ذمہ داری خود درخواست گزار پر ہو گی۔
پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کے تحت 71 ہزار 696 عازمین حج فریضہ ادا کریں گے، جبکہ اب تک ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد افراد پاک حج ایپ پر رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ اس وقت 25 مجاز پرائیویٹ حج کمپنیاں وزارت کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اور صرف انہی کمپنیوں کے پیکیجز سرکاری حج پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے دستیاب ہوں گے۔



