اذان میں 6 خفیہ سبق ، اذان کے یہ سبق پکے کرو ، زندگی بدل جائے گی

"اذان۔۔۔ جو پوری زندگی بدل سکتا ہے!”
روزانہ پانچ بار آپ کے کانوں میں ایک آواز گونجتی ہے،اذان! مگر کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ اس مختصر سی آواز میں کتنے گہرے اسرار چھپے ہیں؟ یہ صرف نماز کی دعوت نہیں، یہ زندگی بدل دینے والے چھ سبق ہیں! آئیے ان سبقوں کو سمجھتے ہیں جو ہر روز ہمارے کانوں سے گزرتے ہیں مگر دل تک نہیں پہنچ پاتے۔
"پہلا سبق۔۔۔ اللہ اکبر اللہ اکبر!! بڑائی صرف اللہ کی!”
اذان کی پہلی آواز ہے: "اللہ اکبر! اللہ اکبر!” سب سے بڑا کون ہے؟ اللہ! کوئی بادشاہ بڑا نہیں، کوئی حکمران بڑا نہیں، کوئی امیر بڑا نہیں، سب کمزور ہیں، سب محتاج ہیں، صرف اللہ طاقتور ہے! یہی پہلا سبق ہے، "ولہ الکبریاء فی السموات والارض: آسمانوں اور زمینوں میں بڑائی صرف اللہ کی ہے۔”
"دوسرا سبق۔۔۔ اشھد ان لا الٰہ الا اللہ! اللہ کے سوا کوئی حاجت روا نہیں !”
مؤذن کہتا ہے: "اشھد ان لا الٰہ الا اللہ!” اس کے سوا کوئی بندگی کے لائق نہیں! کوئی تمہارے مسئلے حل کرنے والا نہیں! کوئی رزق دینے والا نہیں! کوئی شفا دینے والا نہیں! کوئی کھیتیاں پکانے والا نہیں! صرف اللہ نفع دیتا ہے، صرف اللہ کھیتیاں پکاتا ہے، صرف اللہ سارا نظام چلاتا ہے۔
"تیسرا سبق۔۔۔ اشھد ان محمداً رسول اللہ! نبی کا دامن تھامو!”
مؤذن کہتا ہے: "اشھد ان محمداً رسول اللہ!” اگر اللہ تک پہنچنا ہے، تو راستہ صرف رسول اللہ ﷺ ہیں! جو نبی کا دامن پکڑے گا منزل تک پہنچے گا! جو نبی کا دامن چھوڑے گا گڑھے میں گرے گا، مصیبتیں جھیلے گا! عزت چاہیے؟ تو نبی ﷺ کی چال چلو! "ان کنتم تحبون اللہ فاتبعونی: اگر اللہ سے محبت چاہیے؟ تو نبی ﷺ کی اتباع کرو کیونکہ اللہ نے ساری برکتیں نبی ﷺ کی اتباع میں چھپا کے رکھی ہیں۔
"چوتھا سبق۔۔۔ حی علی الصلاۃ! آجاؤ نماز کی طرف!”
یہاں اذان کا حکم بہت واضح ہے: "دکاندار! دکان بند کرو، وزیر صاحب! کرسی چھوڑو، وکیل صاحب، جج صاحب، مزدور صاحب، ڈاکٹر صاحب، سب کے سب نماز کی طرف آؤ!”
ڈاکٹر بعد میں ہے مسلمان پہلے ہے! وزیر بعد میں ہے مسلمان پہلے ہے! ہم مسلمان ہیں اسلام اور کفر میں فرق کرنے والی چیز کیا ہے؟ نماز! جو اذان سن کر نماز کے لیے نہ اٹھے، اس کے دل کے کان بہرے ہو چکے ہیں! "فانھا لا تعمی الابصار ولٰکن تعمی القلوب التی فی الصدور: بعض اوقات آنکھیں اندھی نہیں ہوتیں۔۔۔ دل اندھے ہو جاتے ہیں۔”
"پانچواں سبق۔۔۔ حی علی الفلاح! آجاؤ کامیابی کی طرف!”
مؤذن پکارتا ہے: "آجاؤ کامیابی کی طرف!” تمہارے کاموں کا بننا نماز میں ہے! تمہارے مسئلوں کا حل نماز میں ہے! تمہاری خوشیاں نماز میں ہیں! تمہاری ضرورتوں کا پورا ہونا نماز میں ہے!
مگر آج لوگ یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ نماز پڑھنے سے کاروبار کا نقصان ہو جائے گا، حالانکہ جس نماز میں نفع ہے، اس نماز کو وہ نقصان سمجھ رہا ہے! یہی سب سے بڑی غلط فہمی ہے۔
چھٹا سبق۔۔۔ الصلاۃ خیر من النوم! نماز بہتر ہے نیند سے!
فجر کی اذان میں خاص اضافہ ہوتا ہے: "الصلاۃ خیر من النوم: نماز نیند سے بہتر ہے!” اٹھ جاؤ! اٹھ جاؤ! زندہ آدمی کو سوئی چبھے تو چیخ نکلتی ہے، مگر مردے کو خنجر مار دو، اسے درد محسوس نہیں ہوتا! جس کا دل مردہ ہو چکا ہو، وہ اذان پر اذان سنتا رہے گا اور بے حس رہے گا۔
پہلے دو سبق دوبارہ موذن دہراتا ہے: "اللہ اکبر! اللہ اکبر: اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے۔”
"لا الٰہ الا اللہ!: اسکے سوا کوئی بندگی کے لائق نہیں”۔
کیا خوبصورت پیغام چھپا ہوا ہے اذان میں! اگر کوئی اذان کو سمجھے، تو وہ اذان سن کر دکان میں نہیں بیٹھ سکتا، دفتر میں نہیں بیٹھ سکتا۔۔
آج سے فیصلہ کریں!
ہر روز پانچ بار یہ پیغام ہمارے کانوں میں گونجتا ہے، مگر ہم سنتے ہیں اور نظرانداز کردیتے ہیں۔ آج سے عہد کریں جب اذان ہو، ہر کام چھوڑ کر نماز کی طرف دوڑیں! کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جس میں اصل کامیابی، اصل برکت اور اصل سکون چھپا ہوا ہے۔ (تبلیغی عوام)
آئیں! ہم سب نیت کریں۔۔۔ ہر مسلمان کو نمازی بنانا ہے!
اللہ تعالیٰ ہمیں اذان کے ان چھ سبقوں کو سمجھنے، دل میں اتارنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
اگر آپ چاہتے ہیں کہ اذان پر مولانا عباد اللہ صاحب کی آواز میں بیان بھی سُنیں تو کمنٹ میں اپنی دلچسپی کا اظہار فرمائے ان شاءاللہ آپ کو بیان مل جائے گا۔



