
ہیلی کاپٹر ہسپتال کی عمارت سے ٹکرا کر تباہ، چار افراد ہلاک
ترکی میں ایک ہیلی کاپٹر ایک ہسپتال کی عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ اس واقعے میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ترکی کی وزارت صحت کےمطابق یہ حادثہ ترکی کے جنوب مغربی شہر مُولا میں پیش آیا اور حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر پر دو پائلٹ، ایک ڈاکٹر اور ایک اور طبی کارکن سوار تھا۔ اس وزارت کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یہ ہیلی کاپٹر مُولا ٹریننگ اینڈ ریسرچ ہاسپٹل سے پرواز کر رہا تھا۔
مُولا کے علاقائی گورنر ادریس اَکبیک نے رپورٹرز کو بتایا کہ زمین پر گرنے سے قبل یہ ہیلی کاپٹر ہسپتال کی چوتھی منزل سے ٹکرایا۔ تاہم اس واقعے میں ہسپتال کے اندر یا زمین پر کوئی اور شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شدید دھند کے دوران پیش آنے والے اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حادثے کے مقام کی فوٹیج میں ہیلی کاپٹر کا ملبہ ہسپتال کے باہر علاقے میں بکھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔



