ریحام خان نے ’’پاکستان ریپبلک پارٹی‘‘ کے نام سے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا

کراچی: معروف صحافی اور سماجی کارکن ریحام خان نے ’’پاکستان ریپبلک پارٹی‘‘ کے نام سے نئی سیاسی جماعت بنانے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ انہوں نے عام عوام کی حقیقی نمائندگی اور ان کے حقوق کی ترجمانی کے لیے سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عام آدمی کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ عوامی مسائل کو مرکزِ سیاست بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کا مقصد ایک ایسا سیاسی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جو بغیر کسی مفاد، اقربا پروری یا طاقتور طبقے کے دباؤ کے، صرف عوام کے لیے کام کرے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان ریپبلک پارٹی جلد ملک بھر میں اپنی تنظیم سازی کا آغاز کرے گی اور نوجوانوں، خواتین، محنت کشوں اور متوسط طبقے کو مرکزی کردار دیا جائے گا۔
ریحام خان نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی سیاست کا محور شفافیت، دیانتداری اور خدمت ہوگا، اور وہ عوام کے اعتماد کو ہر حال میں مقدم رکھیں گی۔
ریحام خان کی جانب سے اس سیاسی جماعت کے قیام کو کئی تجزیہ کار آئندہ ملکی سیاسی منظرنامے میں اہم تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔



