ملک میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ اور فائبر آپٹیکل کیبل کیلئے 13 ارب کے منصوبے منظور

حکومت نے ملک میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ اور فائبر آپٹیکل کیبل کیلئے 13 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دیدی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے 13 ارب روپے مالیت کے 9 میگا پروجیکٹس کی منظوری دی گئی ہے، یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس چیئرمین بورڈ وفاقی سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان کی زیر صدارت ہوا جس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان، ممبر ٹیلی کام جہانزیب رحیم، چیف ایگزیکٹو آفیسر یو ایس ایف چوہدری مدثر نوید، محمد یوسف اور عائلہ ماجد نے شرکت کی۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران ملک کے 11 اضلاع کیلئے ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، وائس کمیونیکیشن اور فائبر آپٹیکل کیبل کے 9 میگا پروجیکٹس کی منظوری دی گئی، ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 13 ارب روپے ہے، مذکورہ منصوبوں کی تکمیل سے 55 لاکھ سے زائد افراد کو انٹرنیٹ اور موبائل کنیکٹیویٹی سہولیات ملیں گی، 11 اضلاع کے 178 ٹاؤنز و یونین کونسلز اور 753 گاؤں کے مکینوں کو ڈیجیٹل دنیا تک رسائی مل جائے گی۔
دوسری طرف پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پی ٹی سی ایل گروپ کو ٹیلی نار پاکستان کے حصول کے لیے مشروط منظوری دے دی ہے، جس سے انضمام اور حصول کے طویل عرصے سے زیر التواء عمل میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے، پرو پاکستانی کی رپورٹ میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ پی ٹی اے کی طرف سے عائد کردہ شرائط کے حوالے سے پی ٹی سی ایل نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے انہیں قبول کرلیا ہے، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی اے نے ڈیل کی منظوری کے ساتھ تقریباً 30 سے 40 شرائط منسلک کی ہیں، جن میں ریگولیٹری، مالیاتی، ساختی، اور تعمیل کی ضروریات شامل ہیں، ٹرانزیکشن کے حتمی منظوری کے مرحلے کی طرف بڑھنے سے پہلے ان شرائط کو پورا کرنا ضروری ہے۔



