موٹروے ایم ون شدید دھند کے باعث بند، حدِ نگاہ چند میٹر تک محدود

شدید دھند نے ایک بار پھر موٹروے ٹریفک نظام کو شدید متاثر کردیا ہے جبکہ حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے ایم ون صوابی سے برہان تک ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق رشکئی سے برہان تک دھند انتہائی گہری اور حد نگاہ چند میٹر رہ گئی تھی، جس کے باعث حادثات کے خدشے کے پیش نظریہ فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اسی لیے دھند کے دوران موٹروے بند کرنا ناگزیرتھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم ون پر مختلف مقامات پر دھند کے باعث سفر انتہائی خطرناک ہو چکا ہے، اور ایسے حالات میں ڈرائیورز کا معمولی غلط فیصلہ بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور اگر سفر ناگزیر ہو تو فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں، موسم بہتر ہوتے ہی موٹروے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔



