آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کی پریس کانفرنس، 2025 میں جرائم اور انسداد کے اقدامات کا جائزہ

آئی جی پولیس بلوچستان کی پریس کانفرنس، 2025 میں جرائم اور انسداد کے اقدامات کا جائزہ
🔶 کوئٹہ، 31 دسمبر 2025 انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 2025 کے دوران صوبے میں جرائم کی صورتحال اور ان کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
🔶 پریس کانفرنس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز حسن اسد علوی اور اے آئی جی آپریشنز نوید عالم بھی موجود تھے۔
🔶 آئی جی پولیس نے کہا کہ نئے سال میں صوبے کے تمام اضلاع میں جرائم پیشہ عناصر، خطرناک گینگز، منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں، اور منظم جرائم میں ملوث گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی جاری رہے گی اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔
🔶 انہوں نے بتایا کہ پولیس پٹرولنگ ٹیموں کے گشت کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، قتل، اغواء، اور موٹر سائیکل و گاڑی چوری جیسے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو بروقت گرفتار کیا جا سکے۔ انہوں نے سپروائزری افسران کو خصوصی ہدایات دیں کہ منشیات، ناجائز اسلحہ اور صنفی جرائم کے خاتمے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیںStatusBar۔
🔶 سیکیورٹی انتظامات سے متعلق آئی جی پولیس نے کہا کہ اقلیتی برادری کی تقریبات کے تحفظ اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے تمام ایس ایس پیز، ایس پیز اور تھانوں کو واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ کسی بے گناہ شہری کی جان کو خطرہ نہ ہو۔
🔶 آئی جی بلوچستان نے 2025 کے دوران درج جرائم اور برآمدگیوں کے اعداد و شمار بھی جاری کیے، جن کے مطابق:
🔶 ناجائز اسلحہ کیسز: 1438 مقدمات درج، 1447 ملزمان گرفتار، 1483 پستول، 118 کلاشنکوف، 187 رائفل و شارٹ گنز، 39,786 گولیاں، 21.98 کلو دھماکہ خیز مواد، 1175 میگزین برآمد۔
🔶 منشیات کیسز: 1507 مقدمات درج، 1589 ملزمان گرفتار، 3903.991 کلو چرس، 1781.088 کلو افیون، 20.55 کلو ہیروئن، 252.448 کلو آئس، 2.391 کلو کرسٹل، 570 کلو شیشہ، 4564 شراب کی بوتلیں، 3904 بیئر کینز برآمد۔
🔶 چوری و چھینی گئی گاڑیاں: 111 سے زائد گاڑیاں اور 880 موٹر سائیکلیں برآمد، 69,722,555 روپے نقد، 286 موبائل فون، 35 تولہ سونا، 121,477 لیٹر پیٹرول، 234,766 لیٹر ڈیزل برآمد، 1110 پیٹرول پمپس سیل، 35,438 گاڑیوں سے کالے شیشے اتارے گئے۔
🔶 مطلوب اور اشتہاری ملزمان: 725 مطلوب، 4799 اشتہاری، 255 اغواء برائے تاوان میں ملوث ملزمان، اور 103 خطرناک گینگز گرفتار۔
🔶 پولیس مقابلے: 74 ملزمان ہلاک، جبکہ 81 دہشت گرد پولیس کارروائی میں مارے گئے۔
🔶 دہشت گردی کے واقعات: 863 واقعات رپورٹ ہوئے، 325 سنگین، 538 معمولی، 403 افراد شہید، 796 زخمی، مجموعی طور پر 81 دہشت گرد ہلاک۔
🔶 ٹریفک جرمانے: 2,49,206 گاڑیوں کا چالان، 16 کروڑ 86 لاکھ 45 ہزار 176 روپے جرمانہ وصول، 550 موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت 1868 گاڑیاں اور 21,462 موٹر سائیکلیں قبضے میں لی گئیں۔
🔶 آئی جی پولیس نے مزید کہا کہ پولیس بھرتیاں میرٹ پر جاری ہیں، کسی دباؤ کے بغیر، اور پولیس اور اینٹی ٹیررازم فورس کی استعداد بڑھانے کے لیے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
🔶 انہوں نے بتایا کہ: 81 پولیس تنصیبات کی سیکیورٹی پر 2 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ اے ٹی ایف ہیڈکوارٹر کی تعمیر مارچ 2025 تک مکمل ہوگی۔
🔶 اے ٹی ایف کی نفری 1453 سے 3000 تک بڑھائی جا رہی ہے، الاؤنسز میں اضافے سے اہلکاروں کے مورال میں بہتری آئی ہے۔ 30 D3C عمارتوں کی تعمیر 1.1 ارب روپے لاگت آئے گی۔
🔶 پولیس کی آئی ٹی استعداد بڑھانے کے لیے پنجاب آئی ٹی بورڈ (PITB) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، 8 نئے سیف سٹی منصوبے بھی زیر عمل ہیں۔
🔶 لیویز اہلکاروں کی تربیت: 700 پولیس ٹریننگ کالج اور 300 خضدار ٹریننگ سینٹر میں تربیت مکمل کر رہے ہیں، 420 نئے اہلکار فوج کے تعاون سے فروری 2026 تک بھرتی کیے جائیں گے۔
🔶 آئی جی پولیس نے کہا کہ پولیس شہداء اور زخمی اہلکاروں کے لیے فلاحی اقدامات میں اضافہ کیا گیا ہے، جن میں 2 لاکھ روپے شادی گرانٹ، 2 لاکھ شہداء کے ورثاء، 1 لاکھ شدید زخمی اہلکاروں کے لیے امداد، تعلیمی وظائف، صحت سہولیات، اور 150 طلبہ کی کیڈٹ کالجز میں تعلیم شامل ہیں۔
🔶 انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد مضبوط ہو سکے اور محکمہ میں موجود کالی بھیڑیوں کے خلاف احتساب مزید سخت کیا جائے۔
🔶 آئی جی پولیس بلوچستان نے آخر میں کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور صوبے میں امن کے لیے پولیس اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گی۔



