
کراچی میں اتوار کی شام سے لے کر پیر کی صبح تک چار مرتبہ زلزلے کے جھٹکے آچکے ہیں جس کے حوالے سے چیف میٹرو لوجسٹ امیر حیدر نے تفصیلات بتائی ہیں۔
کل شام سے اب تک ملیر، قائدآباد اور اطراف میں زلزلے کے 4 جھٹکے محسوس کیے جاچکے ہیں، کراچی میں کل شام 5 بج کر 33 منٹ پر بھی زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، گزشتہ روز اس کی شدت 3.6 اور گہرائی 10 کلومیٹر رہی جب کہ اس زلزلے کا مرکز قائد آباد کے قریب تھا۔
ایک اور زلزلے کا جھٹکا رات ایک بج کر 6 منٹ پر آیا تھا، رات گئے آنے والے زلزلے کی شدت 3.2 اور گہرائی 12 کلومیٹر تھی، رات گئے آنے والے زلزلے کا مرکز گڈاپ ٹاؤن کے قریب تھا۔
یہ زلزلہ کیوں آیا؟
جیو ویب سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر نے بتایا کہ یہ زلزلے کے جھٹکے لانڈھی فالٹ ریجن میں آرہے ہیں، یہ زلزلے کے معمولی جھٹکے ہیں، اس فالٹ لائن پر آج تک بڑے زلزلے کے جھٹکے نہیں آئے ہیں، کراچی کی دوسری فالٹ لائن تھانہ بولا خان کے قریب ہے اور یہ دونوں متحرک فالٹ لائن ہیں۔



