
کراچی کےعباسی شہید اسپتال میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی تقریب سے واپس آنے والے صحافیوں سے بھری لفٹ گرگئی، میئر کراچی نے لفٹ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
کراچی کے عباسی شہید اسپتال میں صحافی بال بال بچ گئے، لفٹ تیسری منزل سے پہلی منزل پر آکر گری تاہم لفٹ اٹکنےکی وجہ سے صحافی محفوظ رہے۔ لفٹ میں مختلف نجی چینلز کے کیمرا مین اور خاتون صحافی بھی سوار تھیں۔
لٹکی ہوئی لفٹ میں سے اسپتال حکام نے دروازہ کھول کر متاثرین کو نکالا۔ حادثے سے کچھ لمحے قبل ہی میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی اسی لفٹ سے روانہ ہوئے تھے۔
ترجمان کے ایم سی کا کہنا ہے کہ لفٹ میں حد سے زیادہ وزن ڈالنے پر یہ حادثہ رونما ہوا ہے، خوش قسمتی سے کسی صحافی یا فرد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
میئر کراچی نے لفٹ کی مینٹیننس کے حوالے سے بھی تفصیلی معلومات طلب کرلی ہیں۔



