پاکستان
ضلع پاکپتن میں سیلاب کے باعث 80کلومیٹر طویل پٹی میں ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب آگئیں

ضلع پاکپتن میں سیلاب کے باعث 80کلومیٹر طویل پٹی میں ہزاروں ایکڑ پر فصلیں ڈوب گئی ہیں۔
ذرائع آبپاشی کے مطابق دریائے ستلج میں زمینی کٹاؤ سے دیہات اور بستیوں میں تباہ کاری کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
ذرائع آبپاشی کا کہنا ہےکہ دریائے ستلج میں ہیـڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، پاکپتن ہیڈ سلیمانکی سے ایک لاکھ کیوسک پانی کا ریلا زیریں علاقوں میں بہہ رہا ہے، ہیڈ گنڈا سنگھ والا سے ڈھائی لاکھ کیوسک کا ریلا نشیبی علاقوں کی طرف بڑھے گا۔
ڈی پی او پاکپتن کے مطابق لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے سرگرم ہیں، دریا کنارے آباد بستیوں سے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، آئندہ 2 روز میں پاکپتن کی دریائی پٹی پر سیلاب کی صورتحال سنگین ہونےکاخدشہ ہے۔



