کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر پیٹرول پمپ مالک زخمی، ملزمان 75 لاکھ لوٹ کر فرار
کراچی : نیوسبزی منڈی میں ڈکیتی واردات کے دوران مسلح ملزمان پیٹرول پمپ کے مالک کو گولی مارکر 75 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈکیتی کی واردات نیوسبزی منڈی کے مرکزی گیٹ کے سامنے پیش آئی، 3 ملزمان نے موٹرسائیکل پرسفید کار کا پیچھا کیا اور اسلحےکے زور پرگاڑی کو روکا اور اس دوران ایک ملزم نےگاڑی کے آگے موٹرسائیکل گرا دی۔
پولیس نے بتایا کہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے پیٹرول پمپ کےمالک کو ٹانگ پرگولی مار دی جبکہ جاتے جاتےدونوں ملزمان گاڑی کے پچھلے ٹائر پر بھی مسلسل گولیاں چلاتےرہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نےگاڑی سے 75 لاکھ روپے نکالےاور پیدل سپرہائی وےپربھاگے، بعد ازاں ملزمان نے کچھ فاصلے پر موجود شہری سے موٹرسائیکل چھینی اور اس پرفرارہوگئے۔
پولیس نے زخمی پیٹرول پمپ مالک کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ دوسری جانب آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں، تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے فوری اقدامات کیےجائیں اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔



