ایران کیساتھ بہت سی باتوں پرسمجھوتا ہوچکا تھا لیکن یورینیم کے معاملے پراتفاق نہیں ہوسکا: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مذاکرات کے دوران ایران کے ساتھ متعدد نکات پر اتفاق ہوا، بہت سی باتوں پرسمجھوتا ہوچکا تھا لیکن یورینیم کے معاملے پراتفاق نہیں ہوسکا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی وفد نے ایران کے ساتھ اچھے مذاکرات کیے مگر ایران نے برے طریقے سے مذاکرات کیے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی بقیہ نکات پر بھی اتفاق کرلیں گے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران نے معاہدے کے لیے ہم سے رابطہ کیا تھا، ایران نے پیغام بھیجا تھا کہ وہ بےتابی سے ڈیل چاہتے ہیں۔
آبنائے ہرمز سے متعلق صدر ٹرمپ نے کہا دنیا کو آبنائے ہرمز کی ضرورت ہے تاہم ایران کی ناکہ بندی کے لیے کسی ملک کی مدد کی ضرورت نہیں۔
امریکی صدر نے بتایاکہ گزشتہ روز آبنائے ہرمز سے 34 جہازوں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی، ایران کے افزودہ یورینیم کو بھی کسی نہ کسی طرح حاصل کر لیں گے۔
صدر ٹرمپ نےکہاکہ ایران کسی صورت جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، ہم کسی ملک کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔



