ٹرمپ نے مڈٹرم انتخابات سے قبل اپنی 25 بڑی کامیابیاں گنوا دیں

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل اپنی حکومت کی 25 بڑی کامیابیاں گنواتے ہوئے امیگریشن، خارجہ پالیسی، تجارت اور معیشت سے متعلق اقدامات کو اپنی کارکردگی میں شامل کر لیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر جاری طویل پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ امریکا کو تاریخ کی سب سے محفوظ سرحد فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے غیر قانونی امیگریشن میں کمی، پناہ گزینوں کی آمد محدود کرنے اور بڑے پیمانے پر ملک بدری کو حکومت کی کامیابیوں میں شمار کیا۔
امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت ختم کر دی ہے اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس بھی اس اقدام کو اپنی نمایاں کامیابیوں میں شامل کرچکا ہے، تاہم ایران جنگ اور اس کے معاشی اثرات پر تنازع برقرار ہے۔
ٹرمپ نے تجارتی شراکت داروں پر عائد بھاری محصولات کو بھی نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد امریکی مینوفیکچرنگ کو واپس لانا ہے۔



