خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس پہلی بار اسمبلی احاطے سے باہر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کا فیصلہ

پشاور خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس پہلی بار اسمبلی احاطے سے باہر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے 22 اپریل کو اسمبلی اجلاس عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں منقعد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ نے کرکٹ اسٹیڈیم میں اسمبلی اجلاس منعقد کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی کریں گے، اجلاس سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔
اسپیکر اسمبلی کے مطابق اجلاس کا مقصد عوام کو اپنے منتخب نمائندوں کی کارکردگی براہ راست دیکھنے کا موقع فراہم کرنا اور جمہوری عمل میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔
اسپیکر بابر سلیم سواتی کے مطابق یہ اقدام عوامی شمولیت بڑھانے کی ایک کوشش ہے اور آئندہ بھی صوبے کے مختلف اضلاع میں اس طرز کے عوامی اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ اسپیکر نے کہا کہ اس طرح عوام اور نمائندوں کے درمیان براہ راست رابطہ مضبوط ہوگا۔
ترجمان اسمبلی کے مطابق اجلاس کے انعقاد پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان اتفاق پایا گیا ہے،جبکہ انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے محکمہ کھیل، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامی امور مکمل کرنے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
اسپیکر بابر سلیم سواتی ،ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی ، سیکریٹری اسمبلی سید وقار شاہ اور صوبائی وزراء نے اسٹیڈیم کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔
اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے اسمبلی اجلاس کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کھلے میدان میں اجلاس سے اپوزیشن کو فائدہ ہوگا کیونکہ وہ حکومتی کارکردگی پر براہ راست عوام کے سامنے سوالات اٹھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا یہ نیا تجربہ کس مقصد کے لیے کیا جا رہا ہے، یہ ابھی واضح نہیں، تاہم اپوزیشن اس موقع کو بھرپور انداز میں استعمال کرے گی۔رسول داوڑ



