
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجٹ میں کراچی میں جاری مختلف منصوبوں کے لیے فنڈز رکھنےکا فیصلہ کیا ہے۔
دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے کراچی کی گرین لائن بس کے لیے ایک ارب 98کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی ہے جب کہ شہر میں سڑکوں، گلیوں، نکاس آب اور پانی کے مختلف منصوبوں کے لیے فنڈز بھی تجویز کیے ہیں۔
ضلع غربی میں انفرا اسٹرکچرکی بحالی کے لیے 26 کروڑ روپے، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں انفرا اسٹرکچرکی بحالی کے لیے 37کروڑ روپے، لانڈھی، زمان،کورنگی میں سڑکوں، پانی، نکاسی ، پلےگراؤنڈز کے لیے 35کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق ضلع وسطی میں سڑکوں، گلیوں، پانی، نکاس آب کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ، ضلع کورنگی، ملیرمیں سڑکوں، گلیوں، نکاس آب کے لیے 5 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی بجٹ میں کراچی کے لیے کچھ نئے منصوبے بھی شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے لیے 40 کروڑ روپے، نیشنل ریسرچ اینڈ فرٹیلیٹی کیئر کی اپ گریڈیشن منصوبے کے لیے 39 کروڑ اور کراچی میں نیشنل یونیورسٹی آف نرسنگ کے قیام کے لیے 5 کروڑ روپے کی تجویز دی گئی ہے۔



