اسلام آباد: خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فضائیہ کےافسر کے قاتل کو پولیس نےگرفتار کرلیا

اسلام آباد میں خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے بہادر افسر گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قاتل کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ ملزم سعد عباسی کو تھانہ کھنہ کے علاقے سےگرفتارکیا گیا۔
پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم اسلام آباد میں نائنتھ ایوینیو سے گزر رہے تھے، انہوں نے ایک موٹرسائیکل سے ایک خاتون کو اترتے دیکھا جس کا ہاتھ موٹرسائیکل سوارکھینچ رہا تھا، گروپ کیپٹن عاصم طارق ذمہ دار شہری ہونے کے ناتے واپس آئے، موٹر سائیکل کے قریب رکے جس پر لڑکی دوسری طرف بھاگ آئی، اسی دوران ملزم سعد نے گروپ کیپٹن عاصم طارق سے بدکلامی شروع کردی اورپھر فائر کر دیے،گروپ کیپٹن عاصم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
اسلام آباد: ائیرفورس کے بہادرگروپ کیپٹن عاصم خاتون کو بچاتے ہوئے شہید
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ملزم اس کا آفس کولیگ تھا جس نے اسے کام پر ساتھ لے جانےکی پیشکش کی تھی، ملزم راستہ تبدیل کرکے اسے کہیں اور لے جانا چاہتا تھا جس پر وہ اس سے زور آزما رہا تھا،گروپ کیپٹن عاصم نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے انہیں محفوظ کیا.
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کیس ہمارے لیے اہم اور چیلنجنگ تھا، صبح 11 بج کر 21 منٹ پر گروپ کپٹن عاصم کو شہید کیا گیا، حاضر سروس گروپ کپٹن کا فائرنگ میں شہید ہونا تشویش ناک تھا۔
آئی جی اسلام آباد کے مطابق ملزم اور خاتون کھنہ کے علاقے میں رہتے اور ایک ساتھ ڈیوٹی پر آتے تھے، ملزم سعد عباسی خاتون کو پارک لے جانا چاہتا تھا جس پر اس نے مزاحمت کی، ملزم کی حیوانیت خاتون پر عیاں ہوئی جس پر اس نے ساتھ جانے سے انکارکیا، اس کے بعد ان کے درمیان تکرار ہوئی، گروپ کیپٹن عاصم نے خاتون کو مشکل میں دیکھ کر گاڑی روکی،گروپ کیپٹن نے ملزم اور خاتون کے درمیان بیچ بچاؤ کروایا ،ملزم سعد نے آگے جا کر پھر یوٹرن لےکر گروپ کپٹن پر فائر کیا اور وہاں سے فرار ہوگیا۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ہم نے واقعے کی تحقیقات کےلیے 11 ٹیمیں تشکیل دیں، ملزم کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے، واقعےکے بعد 9 گھنٹوں میں ملزم کو گرفتار کیا، قانون کے تمام تقاضے پورے ہوں گے اور ملزم کو سزا ہوگی۔



